راولپنڈی،اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے، خصوصی نامہ نگار) راولپنڈی ضلع میں ڈینگی کے مزید50 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد کل تعداد957ہوگئی ہے۔نئے مریضوں میں پوٹھوہار ٹائون سے30،راولپنڈی کینٹ سے آٹھ،چکلالہ کینٹ سے تین،میونسپل کارپوریشن راولپنڈی تین، گوجرخان دو،کوٹلی ستیاں ایک، چکلالہ کینٹ تین، ٹیکسلا کینٹ تین مریض ہیں ۔اس وقت ہسپتالوں میں205مریض ہیں جن میں سے122ڈینگی کے کنفرم مریض ہیں۔وفاقی دارالحکومت میں بھی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 75 نئے مریضوں کے ساتھ 743تک پہنچ گئی ۔ منگل کو ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عثمان اشرف کی زیر صدارت اجلاس میں متعلقہ اداروں نے ڈینگی کے حوالے سے موجودہ صورتحال اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔اسلام آباد میں اس وقت 743 ڈینگی مریض ہیں ۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پراسسٹنٹ کمشنرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دکان اور تین سروس اسٹیشن سیل کر دیئے ،چھ افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔