کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)مرمتی کام کا بہانہ، کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنا معمول بن گیا،صارفین عاجز آگئے،متعلقہ حکام خاموش تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے وسطی و نواحی علاقوں میں بجلی کی مرمت کا بہانہ بنا کر کئی کئی گھنٹے بجلی بند رکھنا معمول بن گیا ہے جسکی وجہ سے صارفین شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں شہریوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں میں بجلی کی مرمت کے کام کے بہانے سے روزانہ چار سے چھ گھنٹے تک بجلی بند رکھی جاتی ہے جوکہ لوڈشیڈنگ دورانیہ کے علاوہ ہے جسکی وجہ سے جہاں گھریلو امور بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں وہیں آبنوشی کی فراہمی کے وقت بھی بجلی نہیں ہوتی پانی کا بحران بھی گھمبیر صورتحال اختیار کرگیا ہے اور شہری ٹینکر مافیا کے رحم وکرم پر ہیں اور مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبورہیں دوسری جانب کوئٹہ سمیت اندرون صوبہ میں اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے کوئٹہ میں چھ سے آٹھ گھنٹے اور اندرون بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 12 سے16 گھنٹے کی بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جسکی وجہ سے شہری عاجز آگئے ہیں اور شدید مشکل کا شکار ہیں انہوں نے کیسکو حکام سے اپیل کی کہ وہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فی الفور ختم کریں ۔