• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

17 سال کا انتظار ختم، انگلش کرکٹ ٹیم کراچی پہنچ گئی، پاکستان ٹف ٹائم دینے کیلئے تیار

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جوز بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم17سال کے طویل وقفے کے بعد پاکستان کے دورے پرکراچی پہنچ گئی۔ہوم ٹیم اسے ٹف ٹائم دینے کو تیار ہے۔ مہمان ٹیم نے2005میں آخری بار پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ مہمان کھلاڑیوں کو سخت سیکورٹی میں مقامی ہوٹل میں منتقل کیا گیا ۔ ہوٹل میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور ہر آنے جانے والے پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے۔ کپتان جوز بٹلر پوری طرح فٹ نہیں ، سیریز کے ابتدائی حصے میں قیادت معین علی کریں گے۔ انگلش کرکٹرز جمعے کی شام کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلے پریکٹس سیشن میں حصہ لیں گے۔ سات ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا پہلا انٹر نیشنل میچ منگل کی شام کو کھیلا جائے گا۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم ستمبر 2022کے بجائے ستمبر 2021میں ہی پاکستان کا دورہ کرنے والی تھی اور نہ صرف انگلینڈ کی مردوں کی ٹیم بلکہ خواتین ٹیم بھی پہلی بار پاکستان آنے والی تھی لیکن انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں سکیورٹی خدشات کو جواز بنا کر اپنی دونوں ٹیموں کے دورے منسوخ کر دیے تھے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے یہ قدم نیوزی لینڈ کو دیکھ کر اٹھایا تھا۔جس نے راولپنڈی میں پہلے ون ڈے انٹرنیشنل سے کچھ دیر قبل سکیورٹی خدشات ظاہر کر کے وطن واپس جانے کے فیصلہ کیا تھا ۔ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر بھی اپنے کرکٹ بورڈ کے اس فیصلے سے متفق دکھائی نہیں دیے جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو ٹم ہیریسن پاکستان آئے اور انھوں نے اپنی ٹیم دو حصوں میں پاکستان بھیجنے کا اعلان کیا۔ پہلے مرحلے میں یہ سات ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ہو گی جبکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے دوبارہ پاکستان آئے گی۔ پاکستان کے دورے پر آئی انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کو اپنے دو اہم کھلاڑیوں بین اسٹوکس اور جانی بیئرسٹو کی خدمات حاصل نہیں۔ بین اسٹوکس ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل ہیں ۔ جانی بیئرسٹو کے گالف کورس میں پھسلنے کی وجہ سے پاؤں میں فریکچر ہو گیا اور وہ ٹیم سے باہر ہو گئے اور ان کی جگہ جارحانہ بیٹنگ کے لیے مشہور الیکس ہیلز کو تین سال کے وقفے کے بعد دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید