• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز نے جس آرمی چیف کا تقرر کیا عمران انکی توسیع کا کہہ رہے ہیں، احسن

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف نے آرمی چیف کی جو تقرری کی وہ عمران خان کو اتنی پسند ہے کہ ان کی ایکسٹینشن کی بات کررہے ہیں.

سینئر صحافی و تجزیہ کار مجیب الرحمٰن شامی نے کہاکہ اسلام آبا میں کوئی کھچڑی ضرور پک رہی ہے، عمران خان سے کچھ لوگوں کے رابطے ہیں اس کی تصدیق صدر عارف علوی نے بھی کردی ہے، عمران خان لہجہ بھی دھیما ہوگیا ہے.

 میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اب شہباز حکومت کو معاشی اور سیاسی ہر محاذ پر چیلنج کررہے ہیں، معیشت کی خرابی اور مہنگائی کو جواز بنا کر فوری انتخابات کا مطالبہ کررہے ہیں.

 وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کو بیان دینے کے ساتھ پولی گرافک ٹیسٹ ضرور کروانا چاہئے،عمران خان کے بیانات پر جھوٹ بولنے کا چیمپئن بھی شرماتا ہوگا، ہم تو حکومت میں آنے کے بعد سے وہی کانٹے چن رہے ہیں جو عمران خان بکھیر کر گئے تھے.

 عمران خان بتائیں کس نے چار وزیرخزانہ بدلے،کس نے اسد عمر کو چار ماہ میں ناکام قرار دے کر تبدیل کیا،کس نے کہا کہ حفیظ شیخ نے معیشت کا بھٹہ بٹھادیا ہے، شوکت ترین نے وزیرخزانہ بننے کے بعد بتایا کہ پی ٹی آئی حکومت نے تین سال میں معیشت کی تباہی کردی ہے، عمران خان ملک کو جس دلدل میں دھکیل کر گئے ہم اس سے نکالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کا خزانہ خالی کر کے گئے تھے، عمران خان کوئی ایک منصوبہ بتادیں جو انہوں نے شروع کیا ہو اور مکمل کیا ہو، بی آر ٹی منصوبہ عمران خان کی بدانتظامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پی ٹی آئی کے چار سالہ دور میں پاکستان کی کوئی ڈویلپمنٹ پالیسی نہیں تھی، اپریل میں دنیا میں شرطیں لگ رہی تھیں کہ پاکستان کتنے دن میں سری لنکا بن جائے گا، آج دنیا پاکستان کے سری لنکا بننے کی بات نہیں کررہی۔

 احسن اقبال نے کہا کہ پاکستا ن تاریخ کی سب سے بڑی موسمیاتی آفت کا مقابلہ کررہا ہے، سیلاب سے نقصان 30ارب ڈالرسے تجاوز کرسکتا ہے.

 اس وقت سیلاب زدگان کی مدد کیلئے قوم کو اکٹھا کر نے کی ضرورت ہے،عمران خان کو اپنی سیاست اور اقتدار کے سوا کچھ نظر نہیں آتا ہے، اگلے ایک سال میں ملکی معیشت کو مستحکم کریں گے، معیشت بہتر کر کے عوام کے پاس جائیں گے تو لوگ ہمیں ووٹ دیں گے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیلاب سے سندھ اور بلوچستان کی زرعی معیشت تباہ ہوگئی ہے۔

اہم خبریں سے مزید