اسلام آباد(مہتاب حیدر) گوادر بندرگاہ پر 42ارب 20کروڑ روپے لاگت سے پشتوں کی تعمیر کیلئے مالی امداد کی فراہمی کیلئے چین نے کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرائی ہےجس کی وجہ سے حکومت نے تاخیر کا شکار اس پروجیکٹ کی منظوری موخر کردیہے۔ سی پیک اتھارٹی کے قیام کو ترک کرنے کے بعد حکومت نے تین سال کیلئے 2024-25تک 73 کروڑ 20لاکھ روپے لاگت سے سی پیک سپورٹ پروجیکٹ کی منظوری دے دی ہے جس پر عمل درآمد کیلئے پروجیکٹ ڈائریکٹر کی سربراہی میں 18افسران اور 19پورٹ عملے کی منظوری دی گئی ہے۔ پاک بحریہ اور سپارکو سے بھی ایک ایک افسر پروجیکٹ سے منسلک ہوگا۔ پروجیکٹ ڈائریکٹر سیکرٹری منصوبہ بندی کو جواب دہ ہوگا۔ سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی کے جمعرات کو اجلاس کے باوجود وزارت منصوبہ بندی نے کوئی سرکاری پریس ریلیز جاری نہیں کی۔ فورم نے 96ارب روپے مالیت کے فلڈ پروٹیکشن پلان کے کنسیٹ پیپر کی منظوری دے دی ہے۔ گوادر بندرگاہ کی وسعت میں نئے دور کے جہازوں کو لنگرانداز ہونے کیلئے برتھوں کی تعمیر شامل ہے۔