اقوام متحدہ (اعظیم ایم میاں) وزیراعظم شہباز شریف کے دورئہ اقوام متحدہ کا مرکزی مقصد (Theme)موسمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں اور سیلاب سے آنے والی تاریخی تباہی کے بارے میں عالمی برادری کی توجہ اور ڈائیلاگ کرنا ہے۔
وہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کرنیوالے مختلف سربراہان مملکت اور قائدین سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے ، امریکیوں سے ملاقاتیں ہوں گی اور جنرل اسمبلی سے خطاب میں مختلف امور پر اپنے ملک کے مؤقف کی ترجمانی کریں گے اس سلسلے میں اسلام آباد میں تمام تفصیلات کو حتمی شکل دیکر اس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
یہ باتیں اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے نمائندہ جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتائیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوٹیرش کے حالیہ دورئہ پاکستان اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں تباہی سے متاثرہ عوام سے رابطے اور مشاہدہ کرنے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں کی اطلاعات پر ہماری اور سیکرٹری جنرل کی پہلی ملاقات میں انہوں نے فوراً ہی سیلاب زدہ پاکستان کے دورے کی دعوت منظورکرلی ۔