راولپنڈی ، اسلام آباد(نمائندہ جنگ، خصوصی نمائندہ، خصوصی رپورٹ) جڑواں شہروں میں ڈینگی مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری رہا اور 256 نئے کیس سامنے آ گئے ۔ ضلع راولپنڈی میں گزشتہ روز بھی 77کنفرم مریض رپورٹ ہوئے جس کے بعد ڈینگی سے متاثرہ کل تعداد 1164 ہوگئی ۔ نئے مریضوں میں پوٹھوہار ٹائون سے 52، راولپنڈی کینٹ سے 13، چکلالہ کینٹ سے ایک، میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نو اور کلر سیداں کے دو مریض ہیں۔دریں اثناء راولپنڈی کے تینوں ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی۔ گزشتہ روز ان ہسپتالوں میں ڈینگی کے 289 مریض داخل تھے جن میں 198 ڈینگی کے کنفرم مریض تھے ۔ان مریضوں میں 146 کا تعلق ضلع راولپنڈی سے تھا ۔5 مریضوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جن میں سے تین مریض بے نظیر ہسپتال اور 2 سول ہسپتال میں داخل ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے179 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد اسلام آباد میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 1235 تک پہنچ گئی۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق گزشتہ روز دیہی علاقوں سے 102 اورشہری سے 77 مریض رپورٹ ہوئے۔پمزہسپتال میں 29 ،ایف جی ہسپتال میں10مریض لائے گئے جبکہ گزشتہ روز نجی کلینکس میں 111 افراد میں ڈینگی کی تشخیص ہوئی ہے۔ رواں سیزن میں ڈینگی کے باعث 4 افراد جان کی بازی ہارچکے ہیں۔