کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پولیس کی جرائم پیشہ عناصر ، اشتہاری مفرور ملزمان کے خلاف جاری مہم کے دوران مختلف تھانوں کے عملے نے کارروائی کرتے ہوئے اشتہاری اور دیگر وارداتوں میں ملوث 7 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لی ۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی کوئٹہ کیپٹن (ر) اظفر میہسر کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ عبدالحق عمرانی کی نگرانی میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف خصوصی مہم شروع کر رکھی ہے ۔ صدر پولیس نے آصف نامی شخص کے قبضے سے 1020 گرام چرس برآمد کر کے گرفتار کر لیا اسی طرح جناح ٹاؤن پولیس نے تھانہ بجلی روڈ کے حوالات سے فرار ہونے والے ملزم محمد طاہر کو گرفتار کر لیا اس کے علاوہ ایک اور کارروائی میں پولیس حوالدار کے قتل میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ۔ تھانہ خالق شہید کے عملے نے عبدالحمید کے قبضے سے چرس اور علی جان کے قبضے سے پسٹل اور راؤنڈز برآمد کر کے قبضے میں لے لئے ۔ تھانہ انڈسٹریل کے عملے نے نصیر آباد کے قبضے سے 1020 گرام چرس برآمد کر کے گرفتار کر لیا ۔ بروری پولیس نے اشتہاری ملزم عرفان عرف ڈاکو کو گرفتار کر لیا ۔ پولیس نے تمام گرفتار ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی ۔