نیویارک (نیوز ایجنسی ، عظیم ایم میاں، رضا چوہدری) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب اور اس موقع پر ہونے والی ملاقاتوں میں دنیا کو پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والے انسانی المیہ کے بارے میں آگاہ کریں گے۔
منگل کو وزیراعظم نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ وہ نیویارک پہنچ چکے ہیں، دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پیش کریں گے اور پاکستان میں سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال پر عالمی برادری کی توجہ دلائیں گے۔
شہباز شریف نے اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر آسٹریا کے چانسلر ، اسپین ، ایران اور فرانسیسی صدور ، نیوزی لینڈ کی وزیراعظم سمیت کئی عالمی رہنمائوں سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کی ہیں.
نیویارک میں نمائندہ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ عالمی رہنمائوں سے دو طرفہ ملاقاتیں حوصلہ افزا رہیں،ان میں پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد پر گفتگو ہوئی ،ان کا کہنا تھا کہ وہ جنرل اسمبلی اجلاس میں اپنی تقریر میں مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کریں گے ، انہوں نے بتایا کہ آسٹریا کے چانسلر ، اسپین کے صدر اور فرانس کے صدر میکرون سے بھی ملاقات ہوئی ہے.
انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کو اجاگر کرنے کیلئے اقوام متحدہ کا فورم ایک اہم موقع ہے، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے بھی اپنی تقریر میں سیلاب سے متعلق تین بار پاکستان کا ذکر کیااور پاکستان کیساتھ اظہار یکجہتی کی بات کی ،دنیا کو عملی طو ر پر اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا ۔
نمائندہ جنگ کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ان کی تقریر کا حصہ ضرور ہوگا اس کے بغیر تو تقریر مکمل نہیں ۔ دریں اثناء وزیراعظم محمدشہبازشریف نے فرانسیسی صدرایمانوئیل میکرون سے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سے متعلق امورپرتبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل ،وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، وزیرمملکت خارجہ حناربانی کھربھی ملاقات شریک رہیں۔
ذرائع کے مطابق ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی، وزیراعظم شہباز شریف کا جلد فرانس کا دورہ متوقع ہے،واضح رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سیلاب زدگان کی بحالی اور مدد کے ضروری سامان اورڈاکٹر پاکستان بھجوانے کے ساتھ ساتھ مزید تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی تھی ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی اور سپین کے صدر پیڈروسان شیز سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں عمومی بحث کے افتتاحی سیشن میں شرکت کی۔
منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب اور دیگر نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر اعظم امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو انٹرویو دینے کے لیے ٹائمز اسکوائز کا دورہ بھی کریں گے۔ بعدازاں، ان سے امریکی خصوصی ایلچی برائے موسمیاتی تبدیلی جان کیری ملاقات کریں گے۔