اسلام آباد (نمائندہ جنگ) امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں ایک جانب غربت،بے روزگاری اور دوسری طرف مہنگائی نے لوگوں کی زندگیوں کو اجیرن بنا دیا ہے۔ گلگت بلتستان کو سی پیک میں اس کا جائز حصہ دیا جائے، گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت نے مطالبہ کیا کہ حکومت گلگت بلتستان کے متاثرین کے بجلی اوریوٹیلٹی کے دیگر بل معاف کرے، بحالی کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں، کسانوں کو مفت بیج اور کھاداور لوگوں کے نقصانات کے ازالہ کے لئے ان کو نقد رقم فراہم کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے دیگر علاقوں کی نسبت گلگت بلتستان میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں کئی گنا زیادہ ہیں۔ شرح تعلیم میں اضافہ کے باوجود علاقے کے ہزاروں نوجوان بے روزگار، محرومیاں بڑھ رہی ہیں۔ گلگت بلتستان سی پیک کے لئے بنیادی روٹ مگر یہاں اس کا نام و نشان تک نہیں، وفاقی حکومت خطہ کو سی پیک میں اس کا حصہ دے، صنعتی زون قائم کیا جائے۔ موسم میں شدت کی وجہ سے سیلاب متاثرین کے لئے خیموں میں وقت گزارنا مشکل، وفاقی اور صوبائی حکومتیں گھروں کی تعمیر کے لئے لوگوں کو فوری طور پر امداد دیں۔