اسلام آ باد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے کے شعبہ سینٹی ٹیشن کیلئے اسلام آ باد کے کوڑا کرکٹ کو تلف کرنا چیلنج بن گیا ۔ اس وقت اسلام آ باد سے جمع ہونے والا کوڑا کرکٹ سیکٹر آئی بارہ میں ڈالا جا تا ہے۔ شہریوں نے اس کے خلاف اسلام آ باد ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن کی ہوئی ہے ۔ عدالت عالیہ نے سی ڈی اے کو ہدایت کی تھی کہ اس شہری ایریا میں ڈمپنگ بند کی جا ئے۔ہائی کورٹ میںآئندہ سماعت چار اکتوبر کو ہوگی چیئر مین سی ڈی اے نے ہدایت کی ہے کہ اس پیشی سے قبل ہی متبادل انتظام کیا جا ئے۔ سی ڈی اے حکام نے کمشنر راولپنڈی سے رجوع کیا ہے ۔ دونوں ادارے ایک ایم او یو پر دستخط کریںگے جس کے تحت کوڑا کرکٹکی ڈمپنگ میں اشتراک عمل کیا جا ئے گا۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اس وقت چک بیلی خان میں ڈمپنگ کر رہی ہے۔ سی ڈی اے نے درخواست کی ہے کہ عارضی انتظام کے تحت اسے بھی یہاں ڈمپنگ کی اجازت دی جا ئے۔ راولپنڈی انتظامیہ نے مستقبل کیلئے چکوال مندرہ روڈ پر 1200کنال اراضی ایکوائر کی ہے جہاں ڈمپنگ کی جا ئے گی۔ سی ڈی اے اس میںسے 400کنال اراضی خریدے گا تاکہ اسلام آ باد کا کوڑا وہاں ڈمپ کیا جا سکے۔اسلام آ باد میں ٹرانسفر اسٹیشن بنا ئے جائیں گے۔ پہلے مرحلہ میںکوڑاان اسٹیشنز پر جمع ہوگا جہاں سے ڈمپرز اسے ڈمپنگ گرائونڈ تک لے کر جائیں گے۔ ایک ٹرانسفر اسٹیشن سیکٹر آئی نائن اور دوسرا کہوٹہ ٹرائی اینگل انڈسٹریل ایریا میں ہوگا۔ مزید اسٹیشنز کیلئے سروے کیا جا رہا ہے۔ ان ایریاز کے مکینوں نے بھی ٹرانسفر اسٹیشن کے قیام پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔