• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء اسلام آباد میں چھپ نہیں سکو گے، عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہاہے کہ رانا ثنا اللہ وعدہ ہے تم اسلام آباد میں چھپ نہیں سکو گے‘پہلے ہماری تیاری نہیں تھی لیکن اب آپ کو فکر کرنی چاہیے کہ ہم پوری تیاری سے آئیں گے۔ ہفتے کو ہونے والا احتجاج تاریخی ہو گا، اس کے بعد فیصلہ کروں گا کہ کب فائنل کال دینی ہے‘ صرف مجھے پتہ ہے کال کب دینی ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد کنونشن سنٹر میں تحریک انصاف اسلام آباد کے تنظیمی عہدیداروں کی حلف برداری کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت عوام کی خدمت نہیں چوری بچانے اور آقائوں کا حکم بجا لانے کیلئے آئی ہے ، آزادی کا حصول آسان نہیں ، تحریک انصاف کے کارکن گھر گھر جا کر حقیقی آزادی کا پیغام پہنچائیں۔ عمران خان نے کہا کہ ملک پر قابض لوگ آسانی سے ہمیں آزادی نہیں دیں گے کیونکہ وہ اس نظام سے بھرپور مستفید ہو رہے ہیں۔ پتھر کے بتوں کی پوجا کرنا ہی شرک نہیں بلکہ اپنے ضمیر کا سودا کرنا اور خوف کے بت کے سامنے جھکنا بھی شرک ہے ۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ روس سے اب یہ امپورٹڈ حکومت تیل اور گندم لینے کی بات کر رہی ہے۔ ہم تو پانچ ماہ پہلے اس معاملے پر روس سے بات کر چکے تھے۔ آج ملک پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنانے ایک دھمکی دی ہے ، رانا ثناکو کہنا چاہتا ہوں کہ میرا وعدہ ہے کہ تم اسلام آباد میں چھپ نہیں سکو گے ، 25 مئی کو رانا ثنا نے نہتے عوام پر ظلم کروایا ، پرامن احتجاج پر شیلنگ اور تشدد کروایا ، تب ہماری تیاری نہیں تھی ‘ عمران خان نے کہا کہ ہفتے کو ہمارا احتجاج ہے ، میں رحیم یار خان میں جلسہ کروں گا اور پورے ملک میں احتجاج ہو گا۔

اہم خبریں سے مزید