کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کو تاریخ کے بڑے سیلاب کا سامنا ہے، وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ ہے ، پاکستان کی معیشت کو 30؍ ارب ڈالر سے زیادہ کانقصان ہونے کا خدشہ ہے ، سیلاب کی صورتحال میں آئی ایم ایف سے ریلیف کیلئے بات کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے کونسل آف فارن ریلیشن کے تحت تقریب اور موسمیاتی تبدیلی پر اقوام متحدہ کے فریم ورک کنونشن کی 27ویں ان کیمرہ لیڈر شپ گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ادھر وزیر خارجہ نے نیویارک میں ڈنمارک کے وزیر خارجہ جیپے کوفوڈ سے بھی ملاقات کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ڈنمارک اور پاکستان کے درمیان اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جن میں گزشتہ دہائی کے دوران مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ کونسل آف فارن ریلیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں دنیا سے اپنے لوگوں کیلئے انصاف چاہئے، سیلاب کی صورتحال میں آئی ایم ایف سے ریلیف کیلئے بات کریں گے،اپنے لوگوں کیلئے امداد نہیں انصاف کی بات کرونگا، پاکستان کو تاریخ کے بڑے سیلاب کا سامنا ہے، پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔