• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسحاق ڈار پرسوں وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالیں گے، نواز، شہباز ملاقات میں اتفاق، مفتاح معاشی ٹیم کا حصہ رہیں گے

لندن (مرتضیٰ علی شاہ، جنگ نیوز ) مسلم لیگ (ن ) کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ملاقات میں اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے پر اتفاق کرلیا گیا ، سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ منگل کو عہدہ سنبھالیں گے جبکہ مفتاح اسماعیل حکومت کی معاشی ٹیم کا حصہ رہیں گے۔ ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل، معاشی چیلنجز سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی،جبکہ مہنگائی اور ڈالر کو کم کرنے پر بھی مشاورت ہوئی ، نوازشریف مفتاح اسماعیل کی پالیسی سے ناخوش ہیں، انہوں نےمعاشی سمت تبدیل کرنیکا مطالبہ کیا ہے، اس موقع پر لیگی رہنمائوں نے عمران خان کے لانگ مارچ، پنجاب حکومت کے خاتمے کیلئے اقدامات اورالیکشن آئندہ سال کرانے کے پر مشاورت بھی کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن نے اہم ملاقات میں فیصلہ کیا ہےکہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اسحاق ڈار منگل کو پاکستان کے وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالیں گے اور موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل بدستور حکومت کا حصہ رہیں گے۔ دونوں شریفوں کی شہباز شریف کے فلیٹ میں چار گھنٹے سے زائد ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف آج پاکستان کیلئے روانہ ہونگے اور ابھی تک یہ واضح نہیں کہ آیا اسحاق ڈار وزیر اعظم کے ساتھ پرواز کرینگے یا بعد میں۔ ملاقات کےحوالے سے واقف ایک ذریعہ نے دی نیوز اور جیو کو خصوصی طور پر بتایا کہ نواز شریف موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی معاشی پالیسیوں سے خوش نہیں ہیں اور انہوں نے معاشی پالیسیوں کی سمت تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کو اس بات پر تشویش ہے کہ اشیاء کی قیمتوں میں اضافے کا براہ راست اثر عام آدمی پر پڑا ہے جس کا اثر پی ایم ایل این کی حمایت پر پڑا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ملک میں جاری صورتحال اور موجودہ مخلوط حکومت کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی لانگ مارچ کی کال سے نمٹنے اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کے لانگ مارچ سے تمام قانونی طریقے سے نمٹا جائے گا اور کسی کو ملک میں انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے اور پی ٹی آئی کا کوئی دبائو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق لند ن میں ہونیوالی اہم ترین ملاقات میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اوراسحاق ڈار شریک تھے۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اپنی ملک واپسی کے منصوبے سے متعلق وزیراعظم کو بھی آگاہ کیا جبکہ ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل، معاشی چیلنجز سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی۔سابق وزیر خزانہ نے وطن واپسی بارے اپنے پلان بارے وزیراعظم شہباز شریف کو آگاہ کیا۔ علاوہ ازیں ملاقات میں اسحاق ڈار کی واپسی اور سینیٹ حلف کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی۔ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے ملک واپس آکر احتساب عدالت کے سامنے بھی پیش ہونگے۔ اسحاق ڈار کو ملک واپسی پر موجودہ وزارت خزانہ کی ٹیم ملک کی موجودہ معاشی حالات پر بریفنگ بھی دی گئی۔ذرائع کے مطابق سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے، معیشت کو کیسے سنبھالا دیا جائے، مہنگائی اور ڈالر کو کم کرنے پر بھی مشاورت ہوئی۔ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کے وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ واپسی کا بھی امکان ہے ۔

اہم خبریں سے مزید