لندن (مرتضیٰ علی شاہ، اے پی پی) وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے استعفیٰ پیش کردیا ہےاورسینیٹر اسحاق ڈار کو وزیرِ خزانہ نامزد کردیا گیا ہے۔
سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں پانچ سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد آج (پیر) وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ پاکستان واپس آئینگے۔
اتوار کو جاری بیان کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف کی زیرصدارت لندن میں اہم پارٹی اجلاس ہوا۔ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفٰی قائد محمد نوازشریف کو پیش کیامسلم لیگ (ن) کےقائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کیلئے نامزد کر دیا۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی وقومی صورتحال پر تفصیلی غور کیاگیا۔ وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنا استعفیٰ قائد محمد نوازشریف کو پیش کیا۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ وزارت آپ کی امانت تھی، آپ نے ہی وزیر بنایا تھا۔ چار ماہ میں اپنی بھرپور صلاحیت سے کام کیا، پارٹی اور ملک سے وفاداری نبھائی۔
قائد محمد نوازشریف نے مشکل ترین حالات میں ذمہ داریاں نبھانے پر مفتاح اسماعیل کی کوششوں کو سراہا ۔
اجلاس میں موقف اختیار کیاگیاکہ سابق حکومت کی لگائی معاشی تباہی کی آگ موجودہ حکومت کوبجھانا پڑی۔
قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف نے سینیٹر اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ کیلئے نامزد کر دیا۔
اجلاس میں وزیراعظم شہبازشریف، اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل،ملک محمد احمدخان اور احد چیمہ نے شرکت کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لندن میں وزیراعظم شہباز شریف اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کی سلیمان شہبازکی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔ دو دن کی طویل مشاورت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہبازشریف کےساتھ ہی پاکستان روانہ ہونگے۔
اسحاق ڈارمنگل کو بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔ بدھ کو اسحاق ڈارکا پاکستان روانگی کا ٹکٹ کنفرم تھا تاہم اب نوازشریف کی ہدایت و مشورے پر اسحاق ڈار نے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نمائندہ جنگ کے مطابق سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار لندن میں پانچ سال کی خود ساختہ جلاوطنی کے بعد آج وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ پاکستان واپس آئینگے تاکہ ملک کو معاشی بحران نکال کی کوششوں میں سہولت فراہم کر سکیں۔
اسحاق ڈار وزارت خزانہ کا کلیدی قلمدان سنبھالیں گے۔ پارٹی قائدنواز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ (ن) کے اعلیٰ سطح کے اجلاس نے اتوار کو یہاں فیصلہ کیا گیا کہ اسحاق ڈار وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ پیر کی صبح لوٹن ایئرپورٹ سے پاکستان کیلئے روانہ ہونگے۔
جیو نیوز نے ہفتے کے روز خصوصی طور پر انکشاف کیا تھا کہ اسحاق ڈار موجودہ وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جگہ پاکستان کے نئے وزیر خزانہ کے طور پر حلف اٹھانے والے ہیں۔
اتوار کے روز جیو نیوز نے خبر نشر کی کہ اسحاق ڈار وزیر اعظم شہباز شریف کے ساتھ پاکستان جائینگے۔ مفتاح اسماعیل نے استعفیٰ دے کر اسحاق ڈار کیلئے جگہ خالی کی ہے جو پاکستان کی گرتی ہوئی معیشت کو بحال کرنے کی راہ ہموار کرینگے۔ مفتاح اسماعیل حکومت کی اقتصادی ٹیم کا حصہ رہیں گے جبکہ اسحاق ڈار مخلوط حکومت کے نئے وزیر خزانہ کا عہدہ سنبھالیں گے۔