• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ، ٹرانس جینڈر ترمیمی بل 2022ء متعلقہ کمیٹی کے سپرد

اسلام آباد(ایجنسیاں)سینیٹ نے ٹرانس جینڈر ترمیمی بل 2022ءمتعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا جبکہ ایوان بالا نے چیئرمین اور اسپیکر (تنخواہیں، الائونسز اور مراعات) (ترمیمی) بل 2022ء کی منظوری دیدی۔ترمیم کے تحت چیئرمین اور اسپیکر کو کسی بھی غیر ملکی دورے میں میزبان ملک میں ڈپٹی ہیڈ آف دی اسٹیٹ کا پروٹوکول ملے گا ۔ مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر سعدیہ عباسی اور جے یو آئی (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے ترمیمی بل پر اعتراضات اٹھا دئیے کہ ہمارے ملک کا قانون کسی اور ملک پر کیسے لاگو ہو سکتا ہے ؟۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت ایوان کا اجلاس ہوا ‘تحریک انصاف کی سینیٹر فوزیہ ارشد نے ٹرانس جینڈر ترمیمی بل پیش کیا جو کمیٹی کے سپرد کردیا گیا۔سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سینیٹر محسن عزیز نے ٹرانس جینڈر ایکٹ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ سے معافی مانگیں‘ ہم نے اس ایوان میں بیٹھ کر غلطی کی، ماضی میں بل کی منظوری کے وقت میں بھی موجود تھا، غلطی ہوگئی اس وقت مخالفت نہیں کی۔ انہوںنے کہاکہ ٹرانس جینڈرز خواجہ سرا نہیں ہیں، خواجہ سرا اللہ کی مخلوق ہیں، جلدی قانون میں تبدیلی کی جائے ۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ یہ قانون 4 سال پہلے بنا تھا، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کو بھی سنا گیا اور انہوں نے بھی حمایت کی تھی۔ترامیم آئی ہوئی ہیں کمیٹی میں بیٹھ کر بات ہوگی ۔ وزیرقانون نے کہا کہ اس معاملے پر سیاست نہ کریں، نیت سب کی ٹھیک ہے، ہم بھی اتنے ہی مسلمان ہیں جتنے اس ہاؤس سے باہر بیٹھے لوگ ہیں ۔ جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ خواجہ سراوں سے متعلق بل پر ترامیم لایا، جس کے بعد میرے خلاف ایک مہم شروع ہوئی ہے۔ترامیم کی منظوری کا عمل تیز کیا جائے۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ خواجہ سراؤں سے متعلق قانون سیاست کی نذر ہو چکا ہے۔
اہم خبریں سے مزید