لاہور(نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپسی کیلئے درخواست کی سماعت 3 اکتوبر تک ملتوی کردی،نیب نے لاہور ہائیکورٹ میں جواب جمع کرا دیا، دو صفحات پر مشتمل جواب میں نیب نے کہا ک مریم نواز کا پاسپورٹ نیب کو درکار نہیں ہے،مریم نواز کی درخواست میں موقف بنیادی حقوق کے نفاذ کا ہے، سپریم کورٹ قرار دے چکی ہے کہ فوجداری مقدمہ درج ہونے سے کسی کو آئینی حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، چیف جسٹس امیر بھٹی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کے سامنے سماعت ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے استفسار کیا کہ مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کہاں ہیں؟ جونیئر وکیل نے عدالت میں جواب دیا کہ امجد پرویز دوسری عدالت میں مصروف ہیں، تھوڑا سا انتظار کر لیا جائے، چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا سماعت کیلئے وقت مقرر تھا، امجد پرویز ایڈووکیٹ کو علم تھا، یہ وکالت آتی ہے ان کو، فل بنچ کے پاس یہ ایک ہی کیس تھا انکو یہ بھی نہیں پتہ کہ کسی عدالت کے پاس پیش ہونا ہے؟ عدالت نے دو منٹ انتظار کرنے کے بعد کیس کو 3 اکتوبر تک ملتوی کر دیا،بنچ کے چیمبر میں چلے جانے کے ایک منٹ بعد امجد پرویز ایڈووکیٹ عدالت پہنچ گئے۔