اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) وزیرِ اعظم شہباز شریف نے موسم سرما میں گیس کی متوقع طلب کے پیشِ نظر فوری لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گھریلو صارفین کو کھانا پکانے کے اوقات میں گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے ، کوئی بدانتظامی و غفلت قبول نہیں کی جائیگی
عمران حکومت نے کورونا کے دنوں میں عالمی منڈی میں سستی گیس کا فائدہ نہیں اٹھایا بروقت گیس نہ خرید کر قوم کے ساتھ بہت بڑا ظلم کیا ،گزشتہ حکومت کے بروقت فیصلے نہ کرنے کا خمیازہ آج پورا ملک اور غریب آدمی بھگت رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روزموسمِ سرما میں گیس کی صورتحال پر پیشگی لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے طلب کئے گئے ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت میں بارودی سرنگیں بچھانے والوں نے ملک کے ہر شعبے پر خود کُش حملے کرکے غریب کی کمر توڑ دی۔