کراچی( سید محمد عسکری) پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے 70سالہ بھائی سید مجتبیٰ شاہ کو چیئرمین سکھر تعلیمی بورڈ کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے وہ گزشتہ 12برس سے چئیرمین کے عہدے پر تعینات تھے۔ محکمہ بورڈز و جامعات کے سیکریٹری مرید راحموں نے جمعرات کو ان کے نوٹیفکیشن کو بطور چیئرمین ڈی نوٹیفائی کردیا۔ سکھر بورڈ کے 19 گریڈ کے افسر رفیق احمد پلھ کو چیئرمین بورڈ کی اضافی ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔ زرائع کے مطابق رفیق احمد پلھ کی تعیناتی سیاسی بنیادوں پر عمل میں آئی کیوں کہ ان کی برادری کے ووٹوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ برس سندھ کے سکھر بورڈ سمیت سندھ کے 5تعلیمی بورڈز میں تلاش کمیٹی نے چئیرمین کے امیدواروں کا انتخاب کرلیا تھا جن کی تین انٹیلی جنس اداروں سے کلیئرنس بھی حاصل کرلی گئی تھی تاہم سیاسی دبائو کے باعث ان امیدواروں کو تقرر نامے جاری نہیں کئے گئے اور پھر بعد اس معاملے میں پٹیشن دائر کرکے اسٹے لے لیا گیا جسے محکمہ بورڈز و جامعات کئی ماہ گزرنے کے باوجود ختم نہیں کراسکا ہے۔