لاہور( نمائندہ خصوصی)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقدہوا جس میں انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لا ونگا،وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اجلاس ، کیس کا تفصیلی جائزہ، چین کوقومی دن پر مبارکباد ،اوورسیز وفد کا سیلاب متاثرین کیلئے 50لاکھ کا چیک بھی دیا۔اجلاس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، صوبائی وزیرپارلیمانی امور راجہ بشارت، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پوراورصوبائی مشیر عامر سعید راں نے خصوصی طور پرشرکت کی۔اجلاس میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس،پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ محمد خان بھٹی،صوبائی سیکرٹری قانون، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی او ردیگر حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے جزئیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ کیس میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے اورسانحہ ماڈل ٹاؤن کے متاثرین کو ہر صورت میں انصاف مہیا کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مظلوم خاندانوں کو انصاف فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ داروں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔سانحہ ماڈل ٹاؤن میں انصاف کی ذمہ داری پوری کرکے اللہ تعالیٰ اور عوام کے سامنے سرخروہوں گے۔متاثرین سانحہ ماڈل ٹاؤن کی معاونت کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائیں گے اورعدالتی احکامات کی روشنی میں جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کیاجائیگا۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بعدہم سب سے پہلے وہاں پہنچے اور ان کی دادرسی کی۔