اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پر امن طور پر چین کا دنیا کی دوسری بڑی معیشت بننا اور عالمی سطح پر طاقت کا حصول تیزی سے بدلتی ہوئی دنیا میں استحکام کا ایک ذریعہ ہے ۔ ہفتہ کو چین کے قومی دن کے موقع پر اپنے ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ ، وزیر اعظم لی کیانگ اور چین کے عوام کو دلی مبارک باد پیش کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں ، مالیاتی ، غذائی اورتوانائی کے مسائل کا سامنا کرنیوالے ترقی پذیر ممالک کیلئے چین امید کی کرن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے کہاکہ چین بین الریاستی تعلقات میں تصادم کی بجائے تعاون کو ترجیحی دیتا اور مشترکہ مستقبل کے کمیونٹی کی تشکیل کیلئے حکمرانی کے حصول پر عمل پیرا ہے۔ وزیر اعظم نے مزید کہا کہ میں ذاتی طور پر چین کے کام کے طریقہ کار اور قومی اصولوں کو انتہائی قریب سے جانتا ہوں ۔ انہوں نے قوم پر زوردیا کہ اپنی قومی زندگی میں کام، کام اورکام سے ہی ہم موجودہ بحرانوں سے نکل سکتے ہیں۔