اسلام آباد (محمد صالح ظافر ) پاکستان میں چینی سفیر نونگ رنگ نے ایک بار پھر امریکا کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین تعاون پر تنقید کرنے والے ملک مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی عملی مدد کریں ۔چین کے قومی دن کے موقع پر اپنے پیغام جو انگریزی زبان کیساتھ ساتھ پاکستان کی علاقائی زبانوں میں بھی جاری کیا گیا میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب کے بعد چین نے اب تک تقریبا 9کروڑ ڈالر امداد دی ہے۔پاکستان میں چینی سفیر نے کہا کہ اعلان کردہ امداد پاکستان کو ملنے والی سب سے بڑی امداد ہے۔انہوں نے کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں چین پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، انہوں نے امریکا کا نام لئے بغیر کہا کہ پاک چین تعاون پر تنقید کرنے والے ملک مشکل کی گھڑی میں پاکستان کی عملی مدد کریں۔واضح رہے اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ کی جانب سے پاکستان کو چین سے قرضوں میں ریلیف لینے کے مشورے پر چینی وزارت خارجہ نے رد عمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ سیلابی صورتحال کے بعد سے ہی چین پاکستان کی مدد کر رہا ہے اور چین نے مشکل وقت میں پاکستان کی حقیقی دوست اوربھائی کی طرح مدد کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے امریکا کو مشورہ دیا تھا کہ پاک چین تعاون پربلاوجہ تنقید کے بجائے امریکا پاکستانی عوام کی حقیقی معنوں میں مدد کرے۔