• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم کی بریت انتقامی کارروائی کیخلاف اللّٰہ کا انصاف، حسین نواز

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) سابق وزیراعظم نواز شریف کے بڑے بیٹے حسین نواز نے کہا ہے کہ ایون فیلڈ کیس میں مریم کی بریت انتقامی کارروائی کیخلا ف اللہ کا انصاف اور اس بات کا ثبوت ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کو کس طرح 2018 میں بوگس کیس میں ملوث کر کے انتقام کا نشانہ بنایا اور جیل میں ڈالا گیا تاکہ الیکشن میں دھاندلی کی جا سکے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی سزا منسوخ کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نیب اور جے آئی ٹی کو کبھی اس میں کوئی دلچسپی نہیں تھی کہ نواز شریف نے لندن کے فلیٹ کیسے خریدے کیونکہ ان کا مقصد صرف مریم نواز اور نواز شریف کو ٹارگٹ کرکے رسوا کرنا اور جیل میں ڈالناتھا تاکہ الیکشن میں دھاندلی کی جاسکے۔ انھوں نے کہا کہ جب آپ غیر فطری کام کریں گے تو اس کا نتیجہ بھی غیر فطری ہی نکلے گا، ایک دفعہ میرے دادا کے اثاثوں کو میرے والد سے جوڑنے کی کوشش کی گئی لیکن یہ واضح ہوگیا کہ میاں شریف عوامی عہدیدار نہیں تھے، یہ فلیٹ میاں شریف نے حاصل کئے تھے، اگر یہ تفتیش میاں شریف کے خلاف کی جاتی تو تمام سوالوں کا جوا ب مل جاتا لیکن جے آئی ٹی کو ان جوابوں میں دلچسپی نہیں تھی۔ انھیں صرف نواز شریف اور ان کی سیاست کو نشانہ بنانا تھا۔
اہم خبریں سے مزید