• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آڈیو لیکس، 12 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم، ISI اور IB کے ڈی جیز بھی شامل

اسلام آباد (خبرایجنسی ) وزیر اعظم ہاؤس آڈیو لیکس کے معاملے پر وفاقی حکومت نے سائبر سیکورٹی کے حوالے سے 12 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دیدی ، اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ہو گا، وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی زیر صدارت کمیٹی میں آئی ایس آئی،ایم آئی اور آئی بی کے افسران بھی شامل ہونگے، کمیٹی ایک ہفتے کے اندر اپنی تحقیقات اور سفارشات مرتب کرے گی اور وزیراعظم کو رپورٹ دے گی۔ ذرائع کےمطابق تحقیقاتی کمیٹی وزیراعظم ہاؤس سمیت اسٹرٹیجک اداروں کے آفس پروٹوکولز اورسیکورٹی کا جائزہ لے گی ،ذرائع کے مطابق کمیٹی کے ٹی او آرز بھی بنا دیے گئے ہیں اور نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔ ذرائع کیے مطابق سائبر سیکورٹی بریچ کی تحقیقات میں تمام پہلوؤں کو دیکھا جائے گا ۔پی ایم ہائوس اور دفتر کے سیکورٹی پروٹوکولز کی بھی نظر ثانی کی جائے گی، پی ایم ہائوس میںٹیبلٹس،اسمارٹ فونز، وائی فائی سمیت تمام الیکٹرانک آلات کو چیک کیا جائے گا ،سائبر حملوں کو روکنے کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں گے ۔اسٹیٹ بینک ،ایس ای سی پی ،نادرا،ایف بی آر اور ریگولیٹری اتھارٹیز کی سائبر سیکورٹی کے حوالے سے بھی اقدامات کیے جائیں گے ،اعلیٰ تحقیقاتی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج ( بدھ کو ) ہو گا ۔کمیٹی میں وزیر قانون ،آئی ٹی ،موسمیاتی تبدیلی اور وزیر مواصلات کے علاوہ سیکرٹری کابینہ ڈویڑن، ڈی جی آئی بی اور دیگر بھی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔

اہم خبریں سے مزید