• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک اقتصادی زونز سے پاکستان کی صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگا، صدر علوی

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے کے تحت ملک بھر میں بنائے جانے والے خصوصی اقتصادی زونز سے پاکستان کی صنعتی ترقی میں مزید اضافہ ہوگااور پاکستان کے ٹرانسپورٹ کے شعبہ، انفراسٹرکچر اور توانائی کی ترقی میں بھی مدد ملے گی، سی پیک نے پاکستان کو عالمی معیار کا روڈ نیٹ ورک تیار کرنے میں مدد فراہم کی ہے جس سے نہ صرف اندرونی رابطوں میں بہتری آئے گی بلکہ خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ قریبی روابط بڑھانے میں بھی مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں ایوان صدر میں”پاک۔چین اقتصادی راہداری “ کے عنوان سے تیسری گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت تیار کیے جانے والے پانچ خصوصی اقتصادی زونز میں جدید ترین انفراسٹرکچر ہوگا اور حکومت پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں صنعت کے قیام کے لیے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرے گی۔ انہوں نے مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ ملک میں کاروبار کرنے کی آسانیوں اور سرمایہ کاری دوست پالیسیوں کے ذریعے پیش کیے جانے والے مواقع سے استفادہ کریں۔کانفرنس میں غیر ملکی سفارت کاروں، میڈیا اور تاجر برادری کی نمایاں شخصیات نے بھی شرکت کی۔ چین کے سفیر نونگ رونگ نے اپنے خطاب میں کہاچین سی پیک منصوبوں کے لیے اپنی حمایت جاری رکھے گا تاکہ ان منصوبوں پر ترقیاتی کام پوری صلاحیت کے ساتھ مکمل ہوسکے، ”۔
اہم خبریں سے مزید