اسلام آباد ( ایجنسیاں)تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر نے کہا ہے کہ ملکی جمہوریت میں صرف سیاستدانوں کا کردار نہیں ہے‘ آڈیولیکس میں ثابت ہوا عمران خان جو بند کمرے میں کہتے ہیں وہ سچ ہے‘تمام پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفے ایک ساتھ منظورکئے جائیں۔ منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ?اڈیو لیکس کا چرچا ہے‘ وزیراعظم اور کابینہ آڈیو لیکس میں استعفوں سے متعلق باتیں کررہے ہیں، ہم یہاں کیوں پہنچے، استعفے کیسے ہوئے سب آڈیو لیکس میں موجود ہے۔ آڈیو لیکس میں بات چیت ہورہی ہے کہ کن کے استعفے قبول کرنے ہیں، یہ 123 الیکشن کرانے سے خوفزدہ ہیں‘ساکھ تو ان کی رہی نہیں، کہتے ہیں سیلاب کی وجہ سے الیکشن نہیں کرائے، ننکانہ اور کراچی میں کونسا سیلاب تھا ؟ کراچی سے نئی خبریں آرہی ہیں، لوکل الیکشن کو ملتوی کیا جائے، کہتے ہیں پولیس والوں کی کمی ہورہی ہے، واضح ثبوت سامنے آگئے ہیں کہ یہ سازش سے کیا جارہا ہے۔