اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے عمران خان کو لانگ مارچ کی تاریخ دینے سے پہلے کچھ اہم سوالات کا جواب دینے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے ساتھ کھیل کھیلنے والا فارن ایجنٹ اسلام آباد کیاکرنے آ رہا ہے؟ عمران خان قومی مفادات کیساتھ یہ گھنائونا اور سنگین کھیل کب تک کھیلتے رہیں گے؟، سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کے بجائے لانگ مارچ کی تیاری، معیشت تباہ، 20 ہزار ارب کا تاریخی قرض لینے والا فارن ایجنٹ جھوٹا اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟بدھ کو عمران خان کے لانگ مارچ کے حوالے سے اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے سوال کیا کہ پاکستان کی معیشت کو دیوالیہ کرنے کی سازش کرنیوالا فارن ایجنٹ اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ ، فارن ایجنٹ نے 95 لاکھ لوگوں کو بیروزگار کیا، 2 کروڑ افراد کو غربت کے جہنم میں دھکیلا، پارلیمنٹ کو توڑنے والا آئین شکن اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ عدلیہ اور ججوں کو دھمکانے، اداروں پر بہتان لگانے اور سیاست میں گھسیٹنے والا اسلام آباد کیاکرنے آ رہا ہے؟ انہوں نے کہا کہ کشمیر فروش فارن ایجنٹ اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے؟ توشہ خانہ کا چور، فرح گوگی، پیرنی کی کرپشن کا شریک مجرم اسلام آباد کیا کرنے آ رہا ہے ، عمران خان پہلے ان سوالوں کا جواب دیں اور پھر لانگ مارچ کا اعلان کریں۔