کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے قائم مقام وائس چانسلر بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ ہائی کورٹ میں قائم مقام وائس چانسلر بے نظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی تعیناتی کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ پروفیسر حاکم علی ابڑو کو سندھ حکومت کی جانب سے 29 ستمبر کو قائم مقام وائس چانسلر تعینات کیا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے چند ماہ قبل پروفیسر انیلہ عطا الرحمان کی درخواست پر حاکم ابڑو کو وائس چانسلر کے عہدے سے ہٹایا تھا۔ پروفیسر حاکم ابڑو کی تعیناتی میں سنیارٹی کو نطر انداز کیا گیا ہے۔ عدالت نے قائم مقام وائس چانسلر حاکم علی ابڑو کی تعیناتی کا نوٹ فکیشن معطل کردیا۔ حاکم علی ابڑو کے خلاف پروفیسر اکبر بھنڈ کی جانب سے درخواست دائر کی گئی ہے۔