• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ن لیگ کا پنجاب حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ

اس میں کوئی شک نہیں کہ اب پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی پارٹی ہے محض چھ ماہ قبل پی ٹی آئی سیاسی درجہ بندی میں بمشکل تیسرے نمبر پر آ رہی تھی کہ یک لخت رجیم چینج کے بیانیے نے پی ٹی آئی کو باہم عروج پر پہنچا دیا اس بیانیے سے پی ٹی آئی کو تمام کھوئی لائف لائنز بھی مل چکی ہیں عمران خان کا بیانیہ پورے ملک میں سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ مرکز میں ن کی اور پنجاب میں پی ٹی آئی کی حکومتوں کے سیاسی حالات نازک ہیں عمران خان کی لانگ مارچ کال نے مرکزی حکومت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کے اسلام آباد میں لاڈلوں کی تبدیلی کی ہوا بھی چل پڑی ہے جبکہ پنجاب میں پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ ق لیگ کی حکومت کو گرانے کیلئے ن لیگ نے بھی صف بندی کر رکھی ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ آئندہ دنوں میں اس سیاسی پنجہ آزمائی میں کون کامیاب ہوتا ہے؟؟ ن لیگ کے معاشی پالیسیوں کے پیش نظر ہوشربا مہنگائی، پٹرول، بجلی اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے سے عوامی مقبولیت میں بلاشبہ کمی واقع ہوئی ہے تو وہی عمران خان نے بھی اپنی سیاسی پوزیشن کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ن لیگ کے معاشی پالیسیوں کے خلاف علم بغاوت بلند کر رکھا ہے پی ٹی آئی پر ہمیشہ گالم گلوچ سیاست کا الزام لگتا آیا ہے جس پر پی ٹی آئی نے حکمت عملی کے تحت پنجاب میں پارٹی امیج کو بہتر کرنے کیلئے پنجاب حکومت کی ترجمانی اپنے ہاتھ میں لے رکھی ہے۔ 

پی ٹی آئی کی لیڈرشپ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ذاتیات کے بجائے صرف ایشوز پر بات ہو گئی جس سے پی ٹی آئی کے امیج کو بہتر کرنے میں مدد ملے گی اس فیصلے کا سہرا پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن عمران خان کے دیرینہ اور مخلص ساتھی سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے سر جاتا ہے عمر سرفراز چیمہ نے نومولود گورنر ہونے کے باوجود جس طرح حمزہ شہباز کی پنجاب حکومت بننے کے خلاف تن تنہا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا اسی طرح مشیر اطلاعات پنجاب کی ذمہ داری ملتے ہیں پی ٹی آئی کی امیج بلڈنگ کیلئے خاطر خواہ اقدامات کر رہے ہیں وہ اپنے قائد عمران خان کے ویژن کو لیکر ہی سِینَہ سِپَر ہیں یہ خوش آئند ہے کہ وہ ذاتیات کی گندگی سیاست کے بجائے صرف ایشوز پر پنجاب حکومت کی صاف ستھری ترجمانی کر رہے ہیں۔ 

پنجاب حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات کی موثر انداز میں تشہیر کرنے میں مصروف عمل ہیں عمر سرفراز چیمہ اپنی نفیس اور اجلی شخصیت کی طرح سیاسی طور پر بھی صاف ستھری سیاست پر یقین رکھتے ہیں اسی وجہ میں وہ پی ٹی آئی کے امیج کو بلند کرنے کی تگ و دو میں ہیں مخالفین کے سیاسی حملوں کا جواب خوبصورت انداز میں دینے میں کامیاب رہے ہیں ان مشکل حالات میں جہاں پی ٹی آئی کو پنجاب میں بہت سے مسائل کا سامنا ہے وہی بیوروکریسی ویسے تعاون نہیں کر رہی جیسے کرنا چاہئے حالیہ دنوں کیے گئے اقدامات میں سب سے احسن قدم چھوٹی گلیوں اور تنگ راستوں پر فوری طبی امداد پہنچانے کے لئے پنجاب کے تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 کی موٹر سائیکل ایمبولینس سروس کے دائرہ کار کو تحصیل کی سطح تک بڑھا دیا گیا، اور دوسری جانب اس جان لیوا مہنگائی میں فنڈز کی قلت کے باوجود غریب عوام کیلئے %40 تک احساس راشن ڈسکاؤنٹ پروگرام حکومت کے بہترین اقدامات ہیں۔ 

صوبائی دارالحکومت کے سب سے بڑے ترقیاتی ادارے ایل ڈی اے میں پی ٹی آئی دور کے سابق ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ جنہوں نے اپنے دور میں فردوس مارکیٹ انڈر پاس، گلاب دیوی انڈر پاس جیسے منصوبے نہ صرف ریکارڈ ٹائم مکمل کئے بلکہ شاہکام چوک فلائی اوور، دو موریہ پل فلائی اوور جیسے منصوبے تکمیل کے آخری مراحل پر پہنچے ہی تھے کہ حمزہ حکومت کے آتے ہیں انہیں تبدیل کر دیا گیا صوبے کی حکومت ق لیگ کو ملنے کے بعد عامر احمد خان کو ڈی جی ایل ڈی اے لگانا بلاشبہ ان کی تعیناتی ایک احسن اقدام ہے عامر احمد خان ایماندار اور سحر انگیز شخصیت کے حامل ہونے کے ساتھ کمال ایڈمنسٹریٹر بھی ہیں جنہوں نے چارج سنبھالتے ہی فوری طور پر لینڈ مافیا، غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات، غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں شروع کر رکھیں ہیں۔ 

عامر احمد خان کی مافیاز کے خلاف کارروائیوں کی وجہ سے انہیں تبدیل کروانے کیلئے کئی قوتیں سرگرم عمل ہیں عامر خان ایماندار شخصیت ہونے کی بناء پر کسی قسم کے دباؤ میں نہیں آتے ایل ڈی اے کی اندرونی کرپشن اور قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری کیئے ہوئے ہیں ۔مافیاز کی کوششوں کے باوجود بھی کاروائیاں رکنے کا نام نہیں لے رہی جس کی پاداش میں ڈی جی ایل ڈی اے کی کردار کشی کیلئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ 

بعض ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ عامر احمد خان کو تبدیل کروانے کیلئے ایک دو بیورکریٹس بہت متحرک ہیں چودھری پرویز الٰہی نے حالیہ بورڈ میٹنگ میں واضح طور پر عامر احمد خان پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرکے ان کے تبادلے کی گردش کرتی افواہوں کو دفن کر دیا ہے عامر خان کو عمران خان کے ویژن کے مطابق شہر لاہور کی ترقی کیلئے فری ہنڈ د ے دیا ہے جبکہ عامر خان نے تعیناتی کے مختصر عرصہ میں شاہکام فلائی اوور دو موریہ پل فلائی اوور مکمل کروا دیئے ہیں دن رات ایک کر کے چھ ماہ کا کام ایک ماہ میں مکمل کروا دیا ہے۔ 

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ لاہور میں سنٹرل پنجاب کی تمام باڈی سے ملاقات کی اور لانگ مارچ کے حوالے سے بریفنگ لی، انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد پی ٹی آئی کی آئندہ حکمت عملی سے بھی آگاہ کیا عمران خان کے بھانجے اور پی ٹی آئی لائرز کے مرکزی رہنما حسان نیازی موجودہ حالات میں بہت متحرک نظر آ رہے ہیں وکلاء کو اکٹھا کرنے مختلف اضلاع کے بار کونسل میں عمران خان کے خطاب کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں حسان نیازی کے وکلاء تنظیموں کے ساتھ رابطوں کی وجہ سے پی ٹی آئی کو پسند کرنے والے وکلاء کی تعداد میں روزبروز اضافہ ہو رہا ہے۔ 

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی سے ان کے اپنے لوگ خوش نہیں ہیں اور وہ لوگ بھی  کچھ زیادہ خوش نہیں جن کو چودھری پرویز الٰہی نواز رہے ہیں بہرحال چودھری پرویز الٰہی کو اندرونی، بیرونی اور گھریلو مسائل پر چیلنجز کا سامنا ہے چودھری پرویز الٰہی کو چاہئے کہ بیوروکریسی پر اپنی زیرک نظر ڈالیں ابھی بہت سے اہم محکمے اور عہدے ہیں جہاں پر تبدیلی ناگزیر ہے چودھری پرویز الٰہی کو لندن کے دورے سے جلد واپس آ کر پنجاب حکومت کے خلاف ن لیگ کی کوششوں کے خلاف مؤثر حکمت عملی بنانا ہو گی۔

تجزیے اور تبصرے سے مزید
سیاست سے مزید