• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتوں کو بند ہونے سے بچایا جائے، محمد اسحاق

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اسحاق نے چھوٹے کارخانہ داروں کے مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے بھرپور یقین دہانی کرتے ہوئے مرکزی اور صوبائی حکومتوں سمیت متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سمال انڈسٹریز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ صنعتوں کو بند ہونے سے بچایا جائے کیونکہ سمال انڈسٹریزکا ملکی معیشت کی ترقی میں ایک اہم حصہ ہے اور بے شمار لوگوں کیلئے روزگار کی فراہمی کا ذریعہ بھی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سمال انڈسٹریل اسٹیٹ ایسوسی ایشن کے وفد کا انہیں مبارکباد دینے کیلئے ان کے آفس میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے صدر وحید عارف اعوان کر رہے تھے جبکہ سرحد چیمبر کے سابق صدر انجینئر مقصود انور پرویز ٗ سابق سینئر نائب صدر عمران خان مہمند ٗ ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن لال بادشاہ ٗ ایسوسی ایشن کے ممبران ٗ نزیف ٗ شاہکار اعوان ٗ کرامت عدنان ٗ شیرمحمد ٗ اسد اللہ ٗ ڈاکٹر ناصر ٗ حاجی خالد ٗ محب الرحمان اور ملک اشتیاق خان آفریدی بھی وفد میں شامل تھے۔ اس موقع پرعارف اعوانے کہاکہ خیبر پختونخوا سے افغانستان کو پلاسٹک ٗ چپل کے سکریپ کی غیر قانونی ایکسپورٹ ٗ بجلی کے بغیر پرمٹ کے اجراء گھنٹوں بجلی کی عدم فراہمی ٗ پراپرٹی ٹیکس کی وصولی ٗ محکمہ لیبر کی جانب سے بے جا نوٹسز اور کارروائیوں سمیت گیس پریشر کی کمی اور دیگر مسائل ان میں سرفہرست تھے۔ سرحد چیمبر کے صدر محمد اسحاق نے اس موقع پر چھوٹے کارخانہ داروں کے مسائل کا ذکرکرتے ہوئے بتایا کہ سمال انڈسٹریل اسٹیٹ میں پراپرٹی ٹیکس کا مسئلہ اور افغانستان کو پلاسٹک ٗ چپل کے سکریپ کی ایکسپورٹ کے حوالے سے مسئلہ کو بھی پہلے ہی متعلقہ اتھارٹیز کے سامنے اٹھایا گیاہے اورامید ظاہر کی کہ ان مسائل کو بہت جلد حل کردیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چھوٹے کارخانہ دار مسائل کے حل اور حقوق کے حصول کے لئے حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت کے ساتھ ساتھ آئینی راستہ بھی اختیار کیا جائے۔
پشاور سے مزید