میانوالی (ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں ڈرایا جاتا ہے کہ جیلوں میں بند کردیں گے، ہمیں گرفتاری سے مت ڈراؤ، ابھی تو میں جیل بھرو تحریک شروع کرنے لگا ہوں جس کا جلد اعلان ہوگا.
پاکستان کی تاریخ میں کسی نے ایسی پلاننگ نہیں کی ہوگی جو میں کر رہا ہوں، شہباز شریف اور انکے ہینڈلرز پوری تیاری کرلیں،سب فیل ہوجائیں گے.
چار لوگوں نے بند کمرے میں بیٹھ کر مجھے مروانے کا فیصلہ کر لیا ہے، میں نے ایک ٹیپ بنا کر رکھی ہوئی ہے، جس وقت مجھے کچھ ہوا تو ٹیپ آجائیگی اور چار لوگوں کے نام قوم کے سامنے آئیں گے.
حقیقی آزادی کے لئےجان بھی قربان کردوں گا، شہباز شریف، رانا ثنا اللّٰہ تمہارے ہینڈلر جو مرضی کرلیں الیکشن کروانا پڑے گا.
نواز شریف کا ایسا استقبال ہوگا ن لیگ اور ہینڈلر بھی یاد رکھیں گے، شریفوں نے جعلی آڈیو، ویڈیوز بنائی ہوئی ہیں۔
میانوالی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ آزادی ملتی نہیں چھینی جاتی ہے، شریفوں نے جعلی آڈیو بنانے کا کاروبار شروع کر رکھا ہے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مریم نواز نے بڑی دکھ بھری پریس کانفرنس میں کہا کہ عمران خان نے مجھ پر ظلم کیا ہے تو مریم بی بی خدا کا واسطہ ہے سچ بولنا سیکھو، تمہارے اوپر کیس عمران خان نے نہیں بنائے تھے بلکہ پاناما پیپرز انکشاف میں آپ پکڑی گئی تھیں۔عمران خان نے کہا کہ تمہارے پاس 70 ہزار لوگ بھی نہیں ہیں جیلوں میں ڈالنے کے لیے مگر یہاں لاکھوں لوگ جیلوں میں بند ہونے کے لیے تیار ہیں۔