راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے) سجادہ نشین دربارِ عالیہ عید گاہ شریف پیر محمد نقیب الرحمٰن کی زیرِ صدارت راولپنڈی کی چاروں میلاد کمیٹیوں کا اجلاس ہوا جس میں عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے ایس اوپیز طے کئے گئے۔عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس اتوار کی صبح ساڑھے 9بجے مرکزی جامع مسجد سے شروع ہو گا۔ عید گاہ شریف میں ہونے والے اجلاس میں ڈسٹرکٹ خطیب مولانا حافظ محمد اقبال رضوی اور چاروں مراکز کے منتظمین جن میں مرکزی سیرت میلاد کمیٹی کے ندیم شیخ، مرکزی جلوس میلاد کمیٹی کے سر پرستِ اعلیٰ شیخ طارق مسعود و ملک اختر علی، مرکزی سیرت و میلاد کمیٹی کے شیخ محمد ناصر علی اورشیخ اعظم خورشید اور چیئرمین میلاد فورس یاسر اقبال رضوی نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد ایس او پیز کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق خواتین سے کہا گیا ہے کہ میلاد پاک کے جلوس میں شامل ہونے کی بجائے اہلِ محلہ کی خواتین کو اکھٹا کر کے میلاد کی محفل گھروں میں منائیں۔جلوس میں انٹری پوائنٹس بنی چوک، کوہاٹی بازار روڈ، کمیٹی چوک، کشمیری بازار، فوارہ چوک، ڈنگی کھوئی چوک، باغ سرداراں روڈ سے میلاد پارٹیاں و عاشقانِ رسول جلوس میں شامل ہو سکتے ہیں۔ عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس اتوار کی صبح ساڑھے نو بجے سے شروع ہو کر رات دو بجے تک جاری رہے گا۔