اسلام آ باد ( نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ اور سابق حکومتیں تمام مسائل کی برابر ذمہ دار ہیں]ملک کے نوجوان اسلامی تحریکوں اور پاکستان کے اصل وارث ہیں، حکمرانوں نے سب سے زیادہ دھوکا ملک کے نوجوانوں کو دیا۔ یوتھ کو روزگار دینے کے وعدے کر کے بے روزگار، مستقبل سے مایوس اور ڈپریشن کا مریض بنا دیاگیا۔ نوجوانوں کا اخلاق اور کردار تباہ کرنے کے لیے نت نئے طریقے ایجاد ہو رہے ہیں۔ موجودہ اور سابقہ حکومتیں ملک کے تمام مسائل میں برابر کی ذمہ دار ہیں۔ 65فیصد یوتھ رکھنے والے ملک کو اسلحہ سے نہیں تہذیبی یلغار سے کمزور کرنے کی چالیں مغرب کا ایجنڈا ہے، ملک کے نوجوان اسلامی تحریکوں اور پاکستان کے اصل وارث ہیں،ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں صوبہ پنجاب کے ذمہ داران اور جے آئی یوتھ کے رہنماؤں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایک روزہ کنونشن میں ملک بھر ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں ترکی، ملائشیا، سوڈان سمیت دیگر اسلامی ممالک کی نوجوان لیڈرشپ کو بھی مدعو کیا جائے گا۔سراج الحق نے کہا معاشی نظام کی تباہی کے ساتھ ساتھ حکمرانوں نے قوم کو لڑاؤ، تقسیم کرو کے ایجنڈے کو بھی جاری رکھا، وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے سیلاب کے دوران بھی آپسی مفادات کی لڑائیاں جاری رکھیں اور متاثرین کو تنہا چھوڑا۔ گھریلو تشدد کا قانون اور ٹرانس جینڈر ایکٹ انہی سازشوں کا حصہ ہیں۔ حال ہی میں آئین کے آرٹیکل 62ون ایف میں بھی تبدیلی کی باتیں شروع ہو گئی ہیں۔ نوجوانوں کی ذمہ داری ہے کہ سازشوں کو سمجھیں اور ان کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنے آپ کو تیار کریں۔