اسلام آباد(اے پی پی)سپریم کورٹ نے 120 کلو گرام چرس کے مقدمے کے ملزم عبدالغنی کو عدم شواہد کی بنا پر بری کر دیا ہے۔ بدھ کو یہاں کیس کی سماعت جسٹس سردار طارق کی سربراہی میں عدالت عظمی کے تین رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت ملزم کے وکیل ارشد حسین یوسفزئی نے اپنے دلائل میں موقف اپنایا کہ ملزم کے خلاف شواہد نہیں ہیں۔ ملزم کے خلاف قانون کے مطابق محرر بھی پیش نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ نہ تو ٹرک ملزم کے نام تھا اور نہ وہ اس کو چلا رہا تھا۔ لیبارٹری رپورٹ کے مطابق نمونے بھیجنے میں بھی 3 دن کی تاخیر کی گئی۔ وکیل صفائی نے کہا کہ لیبارٹری رپورٹ ملزم کے خلاف ہے۔ ملزم کو موقع سے بھاگتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں عدالت عظمی نے ملزم عبدالغنی کو عدم شواہد کی بنا پر بری کر دیا۔