کوئٹہ(نمائندہ جنگ) سی ٹی ڈی نے سیکورٹی فورسز اور زائرین پر حملوں کا منصوبہ ناکام بنادیا ، کالعدم تنظیم کے دہشت گردوں کے خلاف اسپلنجی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت ہلاک جبکہ تین اہلکار زخمی ہو گئے، فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا، بھاری تعداد میں اسلحہ،گولہ بارود اور دیگر سامان قبضے میں لے کر ٹھکانوں کو مسمار کر دیا۔وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اسپلنجی میں دہشت گردوں کے خلاف قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیاب کارروائی پر اظہار اطمینان کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی حکام کو اطلاع ملی تھی کہ کالعدم تنظیم نے سیکورٹی فورسز اور زائرین پر حملوں کی منصوبہ بندی کی ہے اس مقصد کے لئے کالعدم تنظیم کے دہشت گرد مستونگ کے علاقے اسپلنجی میں اپنے ٹھکانوں ں میں موجود ہیں جس پر سی ٹی ڈی نے سیکورٹی فورسز کے ہمراہ گزشتہ شب اسپلنجی کے علاقے قابو میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا ،دہشت گردوں نے فورسز کو دیکھتے ہی شدید فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں تین اہلکار زخمی ہو گئے ،سیکورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی، فائرنگ کا تبادلہ ایک گھنٹے تک جاری رہا ،فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشت گرد مارے گئے، سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں ٹھکانوں کو مسمار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ،گولہ بارود اور دیگر دستاویزات قبضے میں لے کر لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔