کراچی(ٹی وی رپورٹ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے مبینہ امریکی سازش سے متعلق بتانے کے لئے مجھے بھی فون کیا تھا۔ عمران خان نے فون پر کہا حکومت کیخلاف سازش ہوئی ہے خط بھیجوں گا مگر آج تک خط نہیں ملا۔ لوگوں نے پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم کو بھی دیکھا، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی اعلانات کے باوجود ملک کو کرپشن سے پاک نہیں کر سکیں، ہمیں موقع دیا جائے تو پاکستان کو کرپشن فری ملک بنا سکتے ہیں۔فیصل آباد کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا 22کروڑ عوام مایوسی اور ناامیدی کی کیفیت سے گزر رہے ہیں، اندرون سندھ غربت اور بلوچستان تباہ حال ہے، آئی ایم ایف اور دوست ممالک کی خیرات پر کام چل رہا ہے۔