کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کی وزارت خارجہ نے خبردار کیا ہے کہ امریکا ایران کے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے اور بے چینی پھیلانے میں ناکام رہے گا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے امریکی صدر جو بائیڈن پر الزام عائد کیا کہ وہ ایران میں مظاہرین کی حمایت کر رہے ہیں۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں گزشتہ ماہ 22؍ سالہ خاتون مہاسا امینی کی مبینہ پولیس ہلاکت کے بعد شروع ہوئیں۔ پولیس نے انہیں حجاب نہ پہننے پر گرفتار کیا تھا۔ ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے کہ امریکی صدر کے پاس قابل بھروسہ مشیر ہیں اور نہ ان کا حافظہ درست ہے، ہم انہیں یاد دہانی کرانا چاہتے ہیں کہ ایران بہت مضبوط ہے اور وہ ظالمانہ پابندیوں اور کھوکھلی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ جمعہ کو امریکی ریاس اوریگون کے شہر پورٹ لینڈ میں خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر بائیڈن نے کہا تھا کہ ایرانی حکومت ظالم ہے اور وہ ایرانی عوام اور خواتین کے ہمت و حوصلے پر حیران ہیں۔