اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد کے تجارتی مراکز میں غیر قانونی دکانوں اور ٹھیلوں سے متعلقہ توجہ دلاؤ نوٹس قائمہ کمیٹی داخلہ کے سپرد کردیا گیا۔قبل ازیں نکتہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے کشور زہرا نے کہا کہ نشتر ہسپتال ملتان کی چھت پر 200 لاشیں ملی ہیں، ڈی این اے کرایا جائے،یہ معاملہ باعث تشویش ہے۔ قادر خان مندوخیل نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ پتہ لگانا چاہیے کہ یہ کون لوگ تھے، وفاقی وزیر پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ یہ صوبائی معاملہ ہے، وفاق کا اس پر کوئی کنٹرول نہیں ہے، صوبے سے تفصیلات لے کر ہی جواب دیا جاسکتا ہے۔ وزیر مملکت داخلہ عبدالرحمان کانجو نے بھی کہا کہ یہ بڑا دلخراش واقعہ ہے، ان کے ڈی این ایز بھی ہونے چاہئیں، ہم صوبہ سے رپورٹ لیں گے۔