کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق ٹیسٹ آل راونڈر راجر بنی کو سارو گنگولی کی جگہ بھارتی کرکٹ بورڈ کا نیا صدر مقرر کیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سارو گنگولی نے بی سی سی آئی کے 36 ویں بورڈ اجلاس میں عہدے سے علیحدگی اختیار کی، گزشتہ ہفتے حکومت نے راجربنی کو بھارتی کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔67سالہ سابق کرکٹر راجر بنی سلیکشن کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ انکے بیٹے اسٹیورٹ بنی بھی بھارتی ٹیم کی نمائندگی کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔قبل ازیں بی سی سی آئی کے صدر کے طور پر سارو گنگولی دوسری مدت کیلئے بھی کام جاری رکھنے کے خواشمند تھے تاہم سابق کرکٹر کو آئی پی ایل کی چیئرمین شپ کی پیشکش کی گئی تھی جو انہوں نے ٹھکرادی تھی۔بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ کے بیٹے جے شاہ دوسری مدت کے لیے بی سی سی آئی کے سیکریڑی کیلئے نامزد کردیئے گئے ہیں۔راجر بنی نے 1983 کے ورلڈکپ میں بھارت کو چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس میں انہوں نے 8 میچوں میں 18 وکٹیں حاصل کی تھیں۔