کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں تھم نہ سکیں، ڈاکوئوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور 2شہری جاں بحق ہوگئے ،تفصیلات کے مطابق پاک کالونی تھانے کی حدود بڑابورڈ میں نجی بینک کے قریب ڈاکوئوں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار اور شہری جاں بحق ہوگئے ، پو لیس کے مطابق واقعے میں جاں بحق ہونے والاشہری شکیل بنک سے 4لاکھ روپے نکال کر باہر آیاہی تھا 2موٹرسائیکلوں پر سوار4ملزمان نے اسے اسلحے کے زور پر ر وکا اور رقم چھینے کےدوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس سے وہ جاں بحق ہوگیا، ملزمان فرار ہو رہے تھے کہ 2موٹرسائیکلوں پر 4 پولیس اہلکارجو گشت پرتھے انہوں نے ملزمان کو روکا تو ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس سے پو لیس اہلکا ر 45سا لہ نہال علی ولد ضیاءالحق جاں بحق ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران جائے وقوع اور اسپتال پہنچ گئے ، ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق چاروں ملزمان رقم سمیت فرار ہوگئےجن کی تلاش جاری ہے، مقتول پولیس اہلکار کی کچھ عرصہ قبل ہی شادی ہوئی تھی، اسے سینے میں گولی لگی جو جان لیوا ثابت ہوئی ، فوری طور پر ایمبولینس نہ ملنے پرزخمی اہلکار کو موٹرسائیکل پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ جاں بحق ہوگیا، نہال علی شاہین فورس میں اسٹریٹ کرائمز کنٹرول کی ڈیوٹی پر تعینات تھا،دریں اثنا شاہ لطیف ٹائون سیکٹر 22بی میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے25سالہ عبداللہ جاں بحق ہوگیا ، مقتول دکان بند کر کے گھر آرہا تھا کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار 2ملزمان نے رو ک کراس سےاسلحے کے زور پرلوٹ مار کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے قتل کردیا اور فرار ہوگئے، مقتول 3بچوں کا باپ تھا،2گولیاں جسم کے مختلف حصوں میں لگیں ،مقتول کا آبائی تعلق وزیرستان سے تھا۔