سکھر (بیورو رپورٹ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ سندھ کے لوگوں کی ترقی میں پیپلزپارٹی رکاوٹ ہے، پیپلز پارٹی، پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا جھگڑا ٹوپی ڈرامہ ہے، یہ سب آرٹیکل 62کا خاتمہ چاہتے ہیں تاکہ ان کا احتساب نہ ہوسکے، اسی لیے نیب کے ادارے کو بھی ختم کرنا چاہتے ہیں، وزراء، مشیروں کے گھروں کے چکر لگانے والوں کو آٹا، چینی اور راشن مل رہا ہے، غریب عوام کو کچھ نہ ملاتو وہ ان کے حجروں کا رخ کرکے جلادیں گے، سندھ ایک تالاب ہے اس تالاب میں وزیر اعلیٰ سندھ کو ڈبویا جائے، پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے عوام کو تباہ کیا، پی ڈی ایم، پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی نے ہمیں آئی ایم ایف کا مقروض کیا ہے، انکی ساری سیاست اسٹیبلشمنٹ کی ماتحت ہے ان کا اپنا کوئی ایجنڈا نہیں،نواز شریف، عمران خان کے بعد شہباز شریف بھی کہیں گے کہ مجھے کیوں نکالا، ایٹم بم کا غلط استعمال امریکا نے کیا ہے پاکستان نے نہیں کیا۔ وہ روہڑی بائی پاس پر سیلاب متاثرین کو امداد سے محروم رکھنے، بڑھتی ہوئی بیروزگاری اور مہنگائی کے خلاف دیے گئے احتجاجی دھرنے سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر محمد حسین محنتی، سابق رکن قومی اسمبلی اسد اللہ بھٹو ایڈوکیٹ، مولانا حزب اللہ جکھرو ودیگر رہنمابھی موجود تھے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ حکومت صبح شام ٹی وی پر سیلاب متاثرین کی مدد کے حوالے سے جھوٹ بول رہی ہے۔