اسلام آباد (نمائندہ جنگ) چین اور پاکستان نے چائنا پاکستان ڈیجیٹل سمیت 3نئی راہداریوں کے آغاز پر اتفاق کیا ہے جس سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے میں مدد ملے گی گرین کوریڈور زراعت وغذائی تحفظ ،ہیلتھ کوریڈور طبی شعبہ، ڈیجیٹل کوریڈور پاکستانی آئی ٹی صنعت کو فروغ دیگا.
یہ بات چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے چینی ویب سائٹ چائنا اکنامک نیٹ سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی کہ پاکستان میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے مختلف شعبوں میں ہنر اور انسانی وسائل کا ذخیرہ موجود ہے اورپاکستان کیلئے آئی ٹی پر مبنی سائنس اور ٹیکنالوجی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، پاکستان سافٹ ویئر کی ترقی کے حوالے سے چین کیلئے مدد کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہو گا .
دونوں ممالک آئی ٹی کے مختلف شعبوں میں سافٹ ویئر تیار کرنے کے سلسلے میں پاکستان میں تربیتی مراکز قائم کرنے کیلئے ملکر کام کر رہے ہیں، پاکستان اور چین نے حال ہی میں 3 نئے کوریڈور شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے گرین کوریڈور میں زراعت ،غذائی تحفظ اور ماحول دوست اقدامات پر توجہ دی جائیگی، ہیلتھ کوریڈور سے پاکستان کو طبی شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو بڑھانے میں مدد ملے گی اور ڈیجیٹل کوریڈور پاکستان کی آئی ٹی کی صنعت کو فروغ دیگا.
سابق ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے اور ڈیجیٹل پاکستان کے بانی عمار جعفری نے کہا کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کیلئے لائف لائن بن چکی ہیں، ہم مصنوعی ذہانت کے حوالے سے آئندہ سال 23 مارچ کو بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس میں مقامی اور غیر ملکی ادارے شرکت کرینگے.
اس سلسلے میں حکومت پاکستان اور بین الاقوامی اداروں کو اپنے میگا پراجیکٹس میں شامل کرنے کیلئے سٹریٹجک فیصلے کرینگے، سائبر سکیورٹی، پائیدار ترقیاتی اہداف اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں اے آئی انتہائی ضروری زون ہے جس میں پاکستان کو چین کیساتھ ملکر کام کرنا ہے کیونکہ پاکستان کی بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔