پشاور( لیڈی رپورٹر) خیبر میڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاور کی انتظامیہ نے کے ایم یو کے ساتھ منسلک نجی تعلیمی ادارے میں گذشتہ دنو ں ہونے والی ڈانس پارٹی او ر اسکی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر سخت نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئےمتعلقہ ادارے کو نوٹس جاری کر دیا جس میں اس غیر اخلاقی اور فحش تقریب کے انعقاد اور اسکی ویڈیو سوشل میڈیاپر وائرل کرنے پر سخت تنبیہ کے ساتھ ساتھ متعلقہ ادارے کو تین دن کے اندر اندر وضاحت پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر اس ادارے کو ڈ ے نوٹیفائی بھی کیا جاسکتا ہے تفصیلات کے مطابق کے ایم یو انتظامیہ کا کہنا ھے کہ تعلیمی ادارے علم و تحقیق کے مراکز ہیں ان کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہےاس حوالے سے نوٹس میں کہا گیا ھے کہ تعلیمی ادارے کسی بھی معاشرے کا عکس ہوتے ہیں اور وہاں پرورش پانے والے نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی اثاثہ ہوتے ہیں لہٰذا ان نوجوانون کی صحیح خطوط پرتعلیم وتربیت معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ پاکستان ایک اسلامی نظریاتی مملکت ہے اور یہاں کے تعلیمی ادارے اس نظرئے کی آبیاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ کے ایم یو کے تمام ملحقہ تعلیمی ادارے کے ایم یو کی گائیڈ لائنز اور اکیڈیمک پالیسیوں کے پابند ہیں لہٰذا کے ایم یو اور اسکے ملحقہ اداروں میں چونکہ ناچ گانے، میوزیکل شوز اور کسی بھی قسم کے بے ہودہ اور غیر اخلاقی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہے اسلئے کے ایم یو کسی بھی ملحقہ ادارے کی جانب سے اس پالیسی کی خلاف ورزی کی نہ صرف سخت الفاظ میں مذمت کرتی ہے بلکہ وہ اسکی روک تھام میں بھی کردار ادا کرے گی۔