• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی بی میں مبتلا حوالاتی کا علاج بینظیر اسپتال سے کرانے کی درخواست منظور

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی محمد افضل مجوکہ نے ٹی بی کے مرض میں مبتلا حوالاتی کا علاج بینظیر ہسپتال سے کرانے کی درخواست منظور کرلی۔قتل کیس میں گرفتار اڈیالہ جیل کے حوالاتی شہباز علی نے اپنے وکیل ملک جواد خالد اور محمد گلزار چوہدری کے ذریعے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ عدالتی حکم پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی سے ٹیسٹ اور علاج پر معلوم ہوا کہ درخواست گزار کو آنتوں کی ٹی بی ہے جس کا علاج جیل ہسپتال میں ممکن نہیں اگر کسی ماہر ڈاکٹر یا ٹی بی ہسپتال سے علاج نہ کرایا گیا تودرخواست گزار کی زندگی کو خطرہ ہے لہٰذا باغ سرداراں یا مری میں واقع ٹی بی ہسپتال منتقل کر کے مکمل علاج کے احکامات جاری کئے جائیں، عدالت نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کہا کہ علاج ہر شخص کا بنیادی حق ہے عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ حوالاتی کا علاج بے نظیر بھٹو ہسپتال سے کروایا جائے۔ عدالت نے علاج سے متعلق درخواست کو مین کیس کا حصہ بناتے ہوئے یومیہ بنیادوں پر کیس کی سماعت کا حکم جاری کر دیا، تھانہ صادق آباد پولیس نے رواں سال 8مارچ کو شہباز علی کے خلاف گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کر کے اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا۔
اسلام آباد سے مزید