لاہور (صابر شاہ) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ سابق وزیراعظم جمعہ 28؍ اکتوبر اپنے لانگ مارچ کا آغاز لاہور کے تاریخی لبرٹی چوک سے کریں گے۔
لبرٹی چوک نے اس وقت عالمگیر شہرت حاصل کی جب 3؍ مارچ 2009ء کو اسی چوراہے پر دہشت گردوں نے میچ کے لئے سری لنکا کی ٹیم کو قذافی اسٹیڈیم جاتے ہوئے دہشت گردی کانشانہ بنایا تھا۔
اس حملے میں سری لنکا کے 6؍ کرکٹرز اور پاکستان کے انٹرنیشنل امپائر احسن رضا زخمی جبکہ 6؍ پاکستانی پولیس اہلکار اور دو شہری جاں بحق ہوئے تھے۔
حملہ آور تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔
لبرٹی چوک لاہور کی نورجہاں روڈ پر واقع ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی پنجاب حکومت نے اسے رین بو چوک کا نام دیا۔
اسی لبرٹی چوک پر کئی ہوٹل اور ریستوراں بھی ہیں یہ چوک خواتین کی دلچسپی کابھی مرکز ہے جہاں خواتین کے ملبوسات، جوتوں، زیورات اور کاسمیٹکس کی دکانیں واقع ہیں۔