کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے سیلاب زدہ متاثرین میں شامل کم سن بچی سے اجتماعی زیادتی پر نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی جنوبی اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن جنوبی کو رپورٹ کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیدیا۔ رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق سیلاب زدہ متاثرین میں شامل کم سن بچی سے اجتماعی زیادتی کے معاملے پر چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس احمد علی ایم شیخ نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔ چیف جسٹس نے واقعہ کا نوٹس اخبارات میں شائع ہونے والی خبر پر لیا۔ اعلامیے کے مطابق ڈی آئی جی جنوبی اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن جنوبی ون کو27اکتوبر ایک بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ رجسٹرار سندھ ہائیکورٹ کے مطابق پولیس افسران کو واقعہ کی تحقیقات سے متعلق رپورٹ کے ہمراہ پیش ہونیکا حکم دیا گیا ہے۔