آپ کے مسائل اور ان کا حل
سوال:۔ اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز کا کاروبار کرنے کا کیا حکم اور اس کی کیا شرائط ہیں؟
جواب:۔ اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی خریدوفروخت میں اگر مندرجہ ذیل شرائط کا لحاظ رکھا جاتا ہو تو جائز ہے، ورنہ نہیں:۔
1۔ جس کمپنی کے شیئرز کی خرید و فروخت کی جارہی ہو، خارج میں اس کمپنی کا وجود ہو، صرف کاغذی طور پر رجسٹرڈ نہ ہو۔
2۔ اس کمپنی کے کل اثاثے صرف نقد کی شکل میں نہ ہوں، بلکہ اس کمپنی کی ملکیت میں جامد اثاثے بھی موجود ہوں۔
3۔ کمپنی کا سرمایہ حلال ہو۔
4۔ کمپنی کا کاروبار جائز ہو، حرام اشیاء کے کاروبار پر مشتمل نہ ہو۔
5۔ شیئرز کی خرید و فروخت میں، خرید و فروخت کی تمام شرائط کی پابندی ہو۔ (مثلاً: شیئرز خریدنے کے بعد CDC میں اس کے نام پر آجائے، اس کے بعد انہیں آگے فروخت کیا جائے، CDC میں خریدار کے نام پر آنے سے پہلے شیئرز آگے فروخت کرنا جائز نہیں ہوگا، اسی طرح فرضی خریدوفروخت نہ کی جائے۔)
6۔ حاصل شدہ پورا منافع شیئرز ہولڈرز میں تقسیم کیا جاتا ہو، (احتیاطی) ریزرو کے طور پر نفع کا کچھ حصہ محفوظ نہ کیا جائے۔
7۔ شیئرز کی خرید و فروخت کے دوران بالواسطہ یا بلاواسطہ سود اور جوئے کے کسی معاہدے کا حصہ بننے سے احتراز کیا جائے۔
مذکورہ بالا شرائط کی رعایت کرتے ہوئے اگر شیئرز کا کاروبار کیا جائے تو جائز ہوگا، اور شرائط کا لحاظ نہ رکھنے کی صورت میں یہ کاروبار جائز نہیں ہوگا، بہرصورت بہتر یہی ہے کہ اس کاروبار سے اجتناب کیا جائے، اس لیے کہ مارکیٹ میں ان تمام شرائط کے ساتھ شیئرز کا کاروبار بہت مشکل ہے، اس لیے اجتناب کا مشورہ دیا جاتا ہے۔