کراچی ( اسپورٹس ڈیسک ) ورلڈکپ میں زمبابوے کے ہاتھوں پاکستان کی غیرمتوقع شکست کے بعد سوشل میڈیا پر زمبابوین صدر اور وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف میں بھی جملوں کا تبادلہ ہوا۔ پاکستان کی شکست کے بعد جہاں’’ پاکستانی مسٹر بین‘‘ کا حوالہ دیکر زمبابوین صارفین ٹرول کر رہے ہیں وہی زمبابوے کے صدر بھی بول پڑے۔ صدر ایمرسن ڈمبڈزو نانگاگوا نے ٹوئٹر پیغام میں اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف جیت کی مبارکباد دی،ساتھ ہی تحریر کیا کہ ’آئندہ اصلی مسٹر بین بھیجیں۔ اس پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انہیں سوشل میڈیا پرمخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارے پاس اصلی مسٹر بین نہیں لیکن اصل کرکٹ کا جذبہ ہے، ہم پاکستانیوں کو واپس آنے کی مضحکہ خیز عادت ہے۔ خیال رہے کہ معروف برطانوی اداکار روون ایٹکنسن سے مماثلت رکھنے والے کراچی کے محمد آصف نامی مزاحیہ اداکار کو مسٹر بین کہا جاتا ہے۔ وہ 2016میں زمبابوے کے دارالحکومت میں ہرارے میں ایک زرعی شو میں شریک ہوئے تھے۔