لندن (جنگ نیوز) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کو عمران خان کا مطالبہ نہ سننے کی ہدایت کرتے ہوئےکہا ہے کہ شہباز شریف عمران خان کا کوئی مطالبہ نہیں سننا اور نہ ہی فیس سیونگ دینی ہے چاہے وہ 2ہزار کو جتھہ لائے یا 20ہزار کا ، اس کا سارا زور حسب عادت گالی گلوچ تک محدود ہے ، وزیراعظم کواپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہئے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں نواز شریف نے عمران خان سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے شہباز شریف سےکہا ہے اس فتنے کا نہ مطالبہ سننا ہے نہ فیس سیونگ دینی ہے۔چاہے یہ 2 ہزار کا جتھہ لے آئے یا 20ہزار کا، کوئی مطالبہ نہیں سننا، نہ فیس سیونگ دینا، اس وقت فیس سیونگ کیلئے یہ بیتاب ہے، وزیراعظم کو اپنی تمام تر توجہ عوامی خدمت پر مرکوز رکھنی چاہیے۔
10لاکھ لانے کا دعویٰ کرنے والا ابھی تک 2 ہزار بندے اکٹھے نہیں کر سکا، عوام کی لا تعلقی کی وجہ وہ شر انگیز جھوٹ ہیں جن کا کچا چٹھہ قوم کے سامنے آچکا۔ اس نے بے دردی اور ڈھٹائی سے ایک کے بعد ایک جھوٹ بولا، اس جھوٹ کے سبب ڈی جی آئی ایس آئی کو مجبوراً خاموشی توڑ کر قوم کو سچ بتانا پڑا۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ ڈی جی آئی ایس آئی کے سچ کا جواب یہ اتنے دن بعد بھی نہیں دے سکا، اس کا سارا زور حسبِ عادت صرف گالی گلوچ تک محدود ہے۔