لندن، اسلام آباد(ایجنسیاں)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ لانگ مارچ کا آخری کارڈ بھی فتنے کے ہاتھ سے نکل گیا ہے ‘
عمران خان کا لانگ مارچ بے مقصد ہے ‘عوام نے اس سے لاتعلقی کا اظہارکیاہے مگر پنجاب حکومت اس کی حفاظت کیلئے عوام کے ٹیکس کے کروڑوں اور اربوں روپے خرچ کررہی ہے‘عمران خان کا ہدف نئے آرمی چیف کی تقرری ہے‘جب لانگ مارچ دوپہر 3 بجے شروع کر کے شام کو 6 بجے ختم کریں گے تو مہینے میں بھی ختم نہیں ہوگا جبکہ وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران نیازی نے کل مارشل لاء لگانے کی بات کی جس سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ یہ الیکشن نہیں چاہتے‘ ان کا مقصد ملک میں خون خرابہ، انتشار اور فساد برپا کرنا ہے۔
منگل کو لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نوازکا کہنا تھاکہ اس کا ایک ہی ہدف ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی یہ حکومت نہ کرسکے اور اس میں یہ رخنہ ڈالنا چاہتے تھے۔اس کا یہ منصوبہ بھی ناکام ہوگا،آرمی چیف کی تعیناتی شہباز شریف کریں گےجس سے عمران خان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
یہ اب بھی اسٹیبلشمنٹ ڈھونڈ رہا ہے کہ وہ اس کی آنکھیں، کان اور ہاتھ بن جائیں،لانگ مارچ کو 5 دن ہوگئے ہیں، اس کو پارٹ ٹائم لانگ مارچ کہنا چاہیے ، دوپہر کا کھانا کھا کر لاہور سے نکلتے ہیں اور شام کی چائے پینے کے لیے گھر واپس جاتے ہیں، پارٹ ٹائم دو گھنٹوں میں ختم ہوجاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ رات کے اندھیرے میں جن کے پاؤں پکڑتا ہے، دن کے اجالے میں ان کا گریبان پکڑتا ہے۔جس کو یہ بند دروازے کے پیچھے کہتا رہا تاحیات توسیع لے لیں اور اب اس کو کہہ رہا ہے غدار، جانور، میر جعفر اور میرصادق ہے۔